August 27, 2025

قرآن کریم > الأنعام >surah 6 ayat 122

 أَوَ مَن كَانَ مَيْتًا فَأَحْيَيْنَاهُ وَجَعَلْنَا لَهُ نُورًا يَمْشِي بِهِ فِي النَّاسِ كَمَن مَّثَلُهُ فِي الظُّلُمَاتِ لَيْسَ بِخَارِجٍ مِّنْهَا كَذَلِكَ زُيِّنَ لِلْكَافِرِينَ مَا كَانُواْ يَعْمَلُونَ

ذرا بتاؤ کہ جو شخص مردہ ہو، پھر ہم نے اُسے زندگی دی ہو، اور اُس کو ایک روشنی مہیا کر دی ہو جس کے سہا رے وہ لوگوں کے درمیان چلتا پھرتا ہو، کیا وہ اُس شخص کی طرح ہو سکتا ہے جس کا حال یہ ہو کہ وہ اندھیروں میں گھرا ہواہو جن سے کبھی نکل نہ پائے ؟ اسی طرح کافروں کو یہ سجھا دیا گیا ہے کہ جو کچھ وہ کرتے رہے ہیں ، وہ بڑا خوشنما کام ہے

آیت 122:   اَوَ مَنْ کَانَ مَیْتًا فَاَحْیَیْنٰہُ:   ’’ بھلا جو کوئی تھا مردہ ،  پھر ہم نے اسے زندہ کر دیا،،

            اس سے معنوی حیات و ممات مراد ہے،  یعنی ایک شخص جو اللہ سے واقف نہیں  تھا،  صرف دُنیا کا بندہ بنا ہوا تھا،  اس کی انسانیت در حقیقت مردہ تھی،  وہ حیوان کی حیثیت سے تو زندہ تھا لیکن بحیثیت انسان وہ مردہ تھا،  پھر اللہ  تعالیٰ نے اسے ایمان کی ہدایت دی تواب گویا وہ زندہ ہو گیا۔

            وَجَعَلْنَا لَہ نُوْرًا یَّمْشِیْ بِہ فِی النَّاسِ کَمَنْ مَّثَلُہ فِی الظُّلُمٰتِ لَیْسَ بِخَارِجٍ مِّنْہَا:   ’’اور ہم نے اس کے لیے روشنی کر دی،  اب ا س کے ساتھ وہ چل رہا ہے لوگوں  کے مابین،  کیا وہ اُس شخص کی طرح ہو جائے گا جو اندھیروں  میں  (بھٹک) رہا  ہو اور اس سے وہ نکلنے والا بھی نہ ہو۔ ،،

            کَذٰلِکَ زُیِّنَ لِلْکٰفِرِیْنَ مَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ:   ’’اسی طرح مزین کر دیا گیا ہے ان کافروں  کے لیے جو کچھ یہ کر رہے ہیں ۔،،

            مثال کے طور پر ایک وہ شخص تھا جسے پہلے ہوش نہیں  تھا، کبھی اس نے نظریاتی معاملات کی پیچیدگیوں  کی طرف توجہ ہی نہیں  کی تھی،  لیکن پھر اس کو اللہ نے ہدایت دے دی،  نورِ قرآن سے اس کے سینے کو منور کر دیا،  اب وہ اس نور میں  آگے بڑھا اور بڑھتا چلا گیا۔ جیسے حضرت عمر کو حق کی طرف متوجہ ہونے میں  چھ سال لگ گئے۔ حضرت حمزہ بھی چھ سال بعد ایمان لائے۔ لیکن اب انہوں  نے قرآن کو مشعل راہ بنایا اور اللہ کے راستے میں  سرفروشی کی مثالیں  پیش کیں۔ دوسری طرف وہ لوگ بھی تھے جو ساری عمر انہی اندھیروں  میں  ہی بھٹکتے رہے اور اسی حالت میں  انہیں  موت آئی۔ تو کیا یہ دونوں  طرح کے لوگ برابر ہو سکتے ہیں؟ 

UP
X
<>