August 19, 2025

قرآن کریم > النساء >surah 4 ayat 105

إِنَّا أَنزَلْنَا إِلَيْكَ الْكِتَابَ بِالْحَقِّ لِتَحْكُمَ بَيْنَ النَّاسِ بِمَا أَرَاكَ اللَّهُ وَلاَ تَكُن لِّلْخَآئِنِينَ خَصِيمًا

بیشک ہم نے حق پر مشتمل کتاب تم پر اس لئے اتاری ہے تاکہ تم لوگوں کے درمیان اس طریقے کے مطابق فیصلہ کرو جو اﷲ نے تم کو سمجھا دیا ہے، اور تم خیانت کرنے والوں کے طرف دار نہ بنو

آیت 105:   اِنَّــآ اَنْزَلْـنَــآ اِلَـیْکَ الْکِتٰبَ بِالْحَقِّ لِتَحْکُمَ بَیْنَ النَّاسِ بِمَآ اَرٰٹکَ اللّٰہُ:  ’’ (اے نبی) یقینا ہم نے آپ پر کتاب نازل کی ہے حق کے ساتھ تا کہ آپ لوگوں کے مابین فیصلہ کریں اس کے مطابق جو اللہ نے آپ کو دکھایا ہے‘‘

            یعنی ایک تو اللہ نے اپنے رسول  کو کتاب دی ہے‘ قانون دیا ہے‘ اس کے ساتھ آپ کو بصیرتِ خاص دی ہے۔ مثلاً عدالت میں ایک جج بیٹھا ہے‘ اس کے سامنے قانون کی کتاب ہے‘ مقدمے سے متعلق متعلقہ ریکارڈ ہے‘  شہادتیں ہیں‘  اب ایک اس کی اپنی عقل (چھٹی حِس) اور قوتِ فیصلہ بھی ہوتی ہے‘ جس کو بروئے کار لا کروہ فیصلہ کرتا ہے۔ یہی وہ چیز ہے جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ جیسا ہم آپ کو دکھاتے ہیں اس کے مطابق آپ فیصلہ کریں۔

             وَلاَ تَـکُنْ لِّلْخَآئِنِیْنَ خَصِیْمًا: ’’اور آپ خیانت کرنے والوں کی طرف سے جھگڑنے والے نہ بنیں۔‘‘

            یعنی آپ ان کی طرف سے وکالت نہ فرمائیں۔ ایک شخص جو کہنے کو تو مسلمان ہے لیکن ہے خائن‘ آپ کو اس کی طرف داری نہیں کرنی چاہیے۔ اس کے پس منظر میں در اصل ایک واقعہ ہے ۔ ایک منافق نے کسی مسلمان کے گھر میں چوری کے لیے نقب لگائی اور وہاں سے آٹے کا ایک تھیلا اور کچھ اسلحہ ُچرا لیا۔ آٹے کے تھیلے میں سوراخ تھا‘ جب وہاں سے وہ اپنے گھر کی طرف چلا  تو سوراخ میں سے آٹا تھوڑا تھوڑا گرتا گیا۔ اس طرح اس کے راستے اور گھر کی نشاندہی ہو تی گئی‘ مگر اسے خبر نہیں تھی کہ آٹے کی لکیر اس کا راز فاش کر رہی ہے۔ گھر پہنچ کر اسے خیال آیا کہ ممکن ہے مجھ پر شک ہو جائے‘ چنانچہ اُس نے اسی وقت جا کر وہ سامان ایک یہودی کے ہاں امانتاً رکھوا دیا‘ لیکن آٹے کا نشان وہاں بھی پہنچ گیا۔ اگلے روز جب تلاش شروع ہوئی تو آٹے کی لکیر کے ذریعے لوگ کھوج لگاتے ہوئے اس کے مکان پر پہنچ گئے‘ لیکن پوچھ گچھ پراس نے صاف انکار کر دیا۔ تلاشی لی گئی‘ مگر کوئی چیز بر آمد نہ ہوئی۔ جب لوگوں نے دیکھا کہ آٹے کے نشانات مزید آگے جا رہے ہیں تو وہ کھوج لگاتے ہوئے یہودی کے گھر پہنچے‘  اس کے ہاں سے سامان بھی بر آمد ہو گیا۔ یہودی نے حقیقت بیان کرد ی کہ یہ سامان رات کو فلاں شخص نے اُس کے پاس امانتاً رکھوایا تھا۔ منافق کی قوم کے لوگوں نے کہا کہ یہودی جھوٹ بولتا ہے‘ وہی چور ہے۔ جب کوئی فیصلہ نہ ہو سکا تو یہ جھگڑا حضور  کے سامنے لایا گیا۔ منافق کے قبیلے والوں نے قسمیں کھا کھا کر خوب وکالت کی کہ ہمارا یہ آدمی تو بہت نیک ہے‘ اس پر خواہ مخواہ کا جھوٹا الزام لگ رہا ہے۔ یہاں تک کہ حضور کا دل بھی اس شخص کے بارے میں کچھ پسیجنے لگا۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی کہ آپ خیانت کرنے والے کے حمایتی نہ بنیں‘ اس کی طرف سے وکالت نہ کریں‘ اس کا سہارا نہ بنیں‘ اس کو مدد نہ پہنچائیں۔ یہاں «خَصِیْمًا» کے معنی ہیں  جھگڑا کرنے والا‘ بحث کرنے والا۔  «لِلخَائِنِیْنَ» کا مطلب ہے’’خائن لوگوں کے حق میں‘‘۔ لیکن اگر «عَلَی الخَائِنِینَ» ہوتا تو اس کا مطلب ہوتا ’’خائن لوگوں کے خلاف‘‘۔

UP
X
<>