October 24, 2026

قرآن کریم > آل عمران >surah 3 ayat 119

هَاأَنتُمْ أُوْلاء تُحِبُّونَهُمْ وَلاَ يُحِبُّونَكُمْ وَتُؤْمِنُونَ بِالْكِتَابِ كُلِّهِ وَإِذَا لَقُوكُمْ قَالُواْ آمَنَّا وَإِذَا خَلَوْاْ عَضُّواْ عَلَيْكُمُ الأَنَامِلَ مِنَ الْغَيْظِ قُلْ مُوتُواْ بِغَيْظِكُمْ إِنَّ اللَّهَ عَلِيمٌ بِذَاتِ الصُّدُورِ 

دیکھو ! تم تو ایسے ہو کہ ان سے محبت رکھتے ہو، مگر وہ تم سے محبت نہیں رکھتے اور تم تو تمام (آسمانی) کتابوں پر ایمان رکھتے ہو، اور (ان کا حال یہ ہے کہ) وہ جب تم سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم (قرآن پر) ایمان لے آئے، اور جب تنہائی میں جاتے ہیں تو تمہارے خلاف غصے کے مارے اپنی انگلیاں چباتے ہیں ۔ (ان سے) کہہ دو کہ : ’’ اپنے غصے میں خود مررہو ۔ اﷲ سینوں میں چھپی ہوئی باتیں خوب جانتا ہے ۔‘‘

 آیت 119:    ہٰٓـاَنْـتُـمْ اُولَآءِ تُحِبُّـوْنَـہُمْ:  ’’یہ تم ہی ہو کہ ان کو دوست رکھتے ہو‘‘

            یہ تمہاری شرافت اور سادہ لوحی ہے کہ تم ان سے محبت کرتے ہو اور پرانے تعلقات اور دوستیوں کو نبھانا چاہتے ہو۔

             وَلاَ یُحِبُّوْنَـکُمْ:  ’’لیکن (جان لوکہ) وہ تو تم سے محبت نہیں کرتے‘‘

            وہ تم سے دوستی نہیں رکھتے۔

             وَتُؤْمِنُوْنَ بِالْکِتٰبِ کُلِّہ:   ’’حالانکہ (تمہاری شان یہ ہے کہ) تم پوری کتاب کو مانتے ہو۔‘‘

            تم تورات کو بھی مانتے ہو ‘ انجیل کو بھی مانتے ہو۔ سورۃ النساء میں الفاظ آئے ہیں:  اَلَمْ تَرَ اِلَی الَّذِیْنَ اُوْتُوْا نَصِیْبًا مِّنَ الْکِتٰبِ …  (آیت: 44) ’’کیا تم نے ان لوگوں کو دیکھا جنہیں کتاب کا ایک حصہ دیا گیا تھا…‘‘ چنانچہ تمام آسمانی کتابیں اللہ تعالیٰ کی اس قدیم کتاب ’’اُمُّ الکِتاب‘‘ ہی کے حصے ہیں۔ اسی ’’اُمُّ الکتاب‘‘ میںسے پہلے تورات آئی‘ پھر انجیل آئی اور پھر یہ قرآن مجید آیا ہے‘ جو ہدایت کاملہ پر مشتمل ہے۔ تو تم تو پوری کی پوری کتاب کو مانتے ہو۔

             وَاِذَا لَقُوْکُمْ قَالُوْآ اٰمَنَّا:  ’’اور جب یہ تم سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں ہم بھی مؤمن ہیں۔‘‘

             وَاِذَا خَلَوْا عَضُّوْا عَلَیْکُمُ الْاَنَامِلَ مِنَ الْغَیْظِ:  ’’اور جب وہ خلوت میںہوتے ہیں تو اب تم پر غصہ کی وجہ سے اپنی انگلیاں چباتے ہیں۔‘‘

            جب وہ دیکھتے ہیں کہ اب ان کی کچھ پیش نہیں جارہی اور اسلام کا معاملہ اور آگے سے آگے بڑھتا جا رہا ہے تو غصے میں پیچ و تاب کھاتے ہیں اور اپنی انگلیاں چباتے ہیں۔

              قُلْ مُوْتُوْا بِغَیْظِکُمْ:  ’’ان سے کہو مر جائو اپنے اس غم و غصہ میں۔‘‘

              اِنَّ اللّٰہَ عَلِیْمٌم بِذَاتِ الصُّدُوْرِ:  ’’یقینا اللہ تعالیٰ جو کچھ سینوں کے اندر مضمر ہے اس سے بھی واقف ہے۔‘‘ 

UP
X
<>