قرآن کریم > البقرة >surah 2 ayat 187
أُحِلَّ لَكُمْ لَيْلَةَ الصِّيَامِ الرَّفَثُ إِلَى نِسَائِكُمْ هُنَّ لِبَاسٌ لَكُمْ وَأَنْتُمْ لِبَاسٌ لَهُنَّ عَلِمَ اللَّهُ أَنَّكُمْ كُنْتُمْ تَخْتَانُونَ أَنْفُسَكُمْ فَتَابَ عَلَيْكُمْ وَعَفَا عَنْكُمْ فَالْآنَ بَاشِرُوهُنَّ وَابْتَغُوا مَا كَتَبَ اللَّهُ لَكُمْ وَكُلُوا وَاشْرَبُوا حَتَّى يَتَبَيَّنَ لَكُمُ الْخَيْطُ الْأَبْيَضُ مِنَ الْخَيْطِ الْأَسْوَدِ مِنَ الْفَجْرِ ثُمَّ أَتِمُّوا الصِّيَامَ إِلَى اللَّيْلِ وَلَا تُبَاشِرُوهُنَّ وَأَنْتُمْ عَاكِفُونَ فِي الْمَسَاجِدِ تِلْكَ حُدُودُ اللَّهِ فَلَا تَقْرَبُوهَا كَذَلِكَ يُبَيِّنُ اللَّهُ آيَاتِهِ لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمْ يَتَّقُونَ
تمہارے لئے حلال کر دیا گیا ہے کہ روزوں کی رات میں تم اپنی بیویوں سے بے تکلف صحبت کرو وہ تمہارے لئے لباس ہیں اور تم ان کیلئے لباس ہو۔ اﷲ کو علم تھا کہ تم اپنے آپ سے خیانت کر رہے تھے پھر ا س نے تم پر عنایت کی اور تمہاری غلطی معاف فرمادی ۔ چنانچہ اب تم ان سے صحبت کر لیاکرو اور جو کچھ اﷲ نے تمہارے لئے لکھ رکھا ہے اسے طلب کرو۔ اور اس وقت تک کھاؤ پیو جب تک صبح کی سفید دھاری سیاہ دھاری سے ممتاز ہو کر تم پر واضح (نہ) ہو جائے ۔ اس کے بعد رات آنے تک روزے پورے کرواور ان (اپنی بیویوں) سے اس حالت میں مباشرت نہ کرو جب تم مسجدوں میں اعتکاف بیٹھے ہو۔ یہ اﷲ کی (مقرر کی ہوئی) حدود ہیں، لہٰذا ان (کی خلاف ورزی) کے قریب بھی مت جانا ۔ اسی طرح اﷲ اپنی نشانیاں لوگوں کے سامنے کھول کھو ل کر بیان کرتا ہے تاکہ وہ تقویٰ اختیارکریں
آیت 187: اُحِلَّ لَـکُمْ لَـیْلَۃَ الصِّیَامِ الرَّفَثُ اِلٰی نِسَآءِکُمْ: حلال کر دیا گیا ہے تمہارے لیے روزے کی راتوں میں بے حجاب ہونا اپنی بیویوں سے۔
احکامِ روزہ سے متعلق یہ آیت بڑی طویل ہے۔ یہود کے ہاں شریعت ِموسوی میں روزہ شام کو ہی شروع ہو جاتا تھا اور رات بھی روزے میں شامل تھی۔ چنانچہ تعلق ِزن و شوهر بھی قائم نہیں ہو سکتا تھا۔ ان کے ہاں سحری وغیرہ کا بھی کوئی تصور نہیں تھا۔ جیسے ہی رات کو سوتے روزہ شروع ہو جاتا اور اگلے دن غروبِ آفتاب تک روزہ رہتا۔ ہمارے ہاں روزے میں نرمی کی گئی ہے۔ ایک تو یہ کہ رات کو روزے سے خارج کر دیا گیا۔ روزہ بس دن کا ہے اور رات کے وقت روزے کی ساری پابندیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ چنانچہ رات کو تعلق زن و شوهر بھی قائم کیا جا سکتا ہے اور کھانے پینے کی بھی اجازت ہے۔ لیکن بعض مسلمان یہ سمجھ رہے تھے کہ شاید ہمارے ہاں بھی روزے کے وہی احکام ہیں جو یہود کے ہاں ہیں۔ اس لیے ایسا بھی ہوتا تھا کہ روزوں کی راتوں میں بعض لوگ جذبات میں بیویوں سے مقاربت کر لیتے تھے، لیکن دل میں سمجھتے تھے کہ شاید ہم نے غلط کام کیا ہے۔ یہاں اب ان کو اطمینان دلایا جا رہا ہے کہ تمہارے لیے روزے کی راتوں میں اپنی بیویوں کے پاس جانا حلال کر دیا گیا ہے۔
ہُنَّ لِبَاسٌ لَّــکُمْ وَاَنْتُمْ لِبَاسٌ لَّـہُنَّ: وہ پوشاک ہیں تمہارے لیے اور تم پوشاک ہو اُن کے لیے۔
یہ بڑا لطیف کنایہ ہے کہ وہ تمہارے لیے بمنزلہ ٔلباس ہیں اور تم ان کے لیے بمنزلۂ لباس ہو۔ جیسے لباس میں اور جسم میں کوئی پردہ نہیں ایسے ہی بیوی میں اور شوہر میں کوئی پردہ نہیں ہے۔ خود لباس ہی تو پردہ ہے۔ ویسے بھی مرد کے اخلاق کی حفاظت کرنے والی بیوی ہے اور بیوی کے اخلاق کی حفاظت کرنے والا مرد ہے۔ مجھے اقبال کا شعر یاد آ گیا:
نے پردہ نہ تعلیم ، نئی ہو کہ پرانی
نسوانیت ِ زن کا نگہباں ہے فقط مرد
بہرحال مرد و عورت ایک دوسرے کے لیے ایک ضرورت بھی ہیں اور ایک دوسرے کی پردہ پوشی بھی کرتے ہیں۔
عَلِمَ اللّٰہُ اَنَّـکُمْ کُنْتُمْ تَخْتَانُوْنَ اَنْفُسَکُمْ: اللہ کے علم میں ہے کہ تم اپنے آپ کے ساتھ خیانت کر رہے تھے ،
تم ایک کام کر رہے تھے جو گناہ نہیں ہے ، لیکن تم سمجھتے تھے کہ گناہ ہے ، پھر بھی اس کا ارتکاب کر رہے تھے۔ اس طرح تم اپنے آپ سے خیانت کے مرتکب ہو رہے تھے۔
فَتَابَ عَلَیْکُمْ: تو اللہ نے تم پر نظر ِرحمت فرمائی،
وَعَفَا عَنْکُمْ: اور تمہیں معاف کر دیا۔
اس سلسلے میں جو بھی خطائیں ہو گئی ہیں وہ سب کی سب معاف سمجھو۔
فَالْئٰنَ بَاشِرُوْہُنَّ: تو اب تم ان کے ساتھ تعلق زن و شو قائم کرو،
وَابْتَغُوْا مَا کَتَبَ اللّٰہُ لَـکُمْ: اور تلاش کرو اس کو جو کچھ اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے لکھ دیا ہے۔
یعنی اولاد ، جو تعلق زن و شو کا اصل مقصد ہے۔ دوسرے یہ کہ اللہ تعالیٰ نے اس تعلق زن و شو کو سکون و راحت کا ذریعہ بنایا ہے۔ جیسے قرآن مجید میں « لِتَسْکُنُوْا اِلَـیْھَا » کے الفاظ آئے ہیں۔ اس تعلق کے بعد اعصاب کے تناؤ میں ایک سکون کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔ اور اس میں یہی حکمت ہے کہ رسول اللہ اپنے ہر سفر میں ایک زوجہ ٔمحترمہ کو ضرور ساتھ رکھتے تھے۔ اس لیے کہ قائد اور سپہ سالار کو کسی وقت کسی ایسی پریشان کن صورت حال میں فیصلے کرنے پڑتے ہیں کہ جذبات پر اور اعصاب پر دباؤ ہوتا ہے۔
وَکُلُوْا وَاشْرَبُوْا حَتّٰی یَتَـبَـیَّنَ لَـکُمُ الْخَیْطُ الْاَبْیَضُ مِنَ الْخَیْطِ الْاَسْوَدِ مِنَ الْفَجْرِ: اور کھاؤ پیو یہاں تک کہ واضح ہو جائے تمہارے لیے فجر کی سفید دھاری (رات کی) سیاہ دھاری سے۔
یہ پو پھٹنے کے لیے استعارہ ہے۔ یعنی جب سپیدئہ سحر نمایاں ہوتا ہے، صبح صادق ہوتی ہے اُس وقت تک کھانے پینے کی چھوٹ ہے۔ بلکہ یہاں « وَکُلُوْا وَاشْرَبُوْا » اور کھاؤ اور پیو امر کے صیغے آئے ہیں۔ سحری کرنے کی حدیث میں بھی تاکید آئی ہے اور رسول اللہ نے یہ بھی فرمایا ہے کہ ہمارے اور یہود کے روزے کے مابین سحری کا فرق ہے۔ ایک حدیث میں آیا ہے: ((تَسَحَّرُوْا فَاِنَّ فِی السَّحُوْرِ بَرَکَۃً)) « سحری ضرور کیا کرو، اس لیے کہ سحری میں برکت ہے »۔
ثُمَّ اَتِمُّوا الصِّیَامَ اِلَی الَّـیْلِ: پھر رات تک روزے کو پورا کرو۔
رات تک سے اکثر فقہاء کے نزدیک غروبِ آفتاب مراد ہے۔ اہلِ تشیع اس سے ذرا آگے جاتے ہیں کہ غروبِ آفتاب پر چند منٹ مزید گزر جائیں۔
وَلاَ تُبَاشِرُوْہُنَّ وَاَنْتُمْ عٰـکِفُوْنَ فِی الْْمَسٰجِدِ: اور ان سے مباشرت مت کرو جبکہ تم مسجدوں میں حالت ِاعتکاف میں ہو۔
یہ رعایت جو تمہیں دی جا رہی ہے اس میں ایک استثناء ہے کہ جب تم مسجدوں میں معتکف ہو تو پھر اپنی بیویوں سے رات کے دوران بھی کوئی تعلق قائم نہ کرو۔
تِلْکَ حُدُوْدُ اللّٰہِ فَلاَ تَقْرَبُوْہَا: یہ اللہ کی (مقرر کی ہوئی ) حدود ہیں، پس ان کے قریب بھی مت جاؤ۔
بعض مقامات پر آتا ہے: تِلْکَ حُدُوْدُ اللّٰہِ فَلاَ تَعْتَدُوْہَا. «یہ اللہ کی مقرر کردہ حدود ہیں، پس ان سے تجاوز نہ کرو، ان کو عبور نہ کرو»۔ اصلاً حرام تو وہی شے ہو گی کہ حدود سے تجاوز کیا جائے ۔ لیکن بہرحال احتیاط اس میں ہے کہ ان حدود سے دور رہا جائے (to keep at a safe distance) آخری حد تک چلے جاؤ گے تو اندیشہ ہے کہ کہیں اس حد کو عبور نہ کر جاؤ۔
کَذٰلِکَ یُبَـیِّنُ اللّٰہُ اٰیٰتِہ لِلنَّاسِ: اسی طرح اللہ واضح کرتا ہے اپنی نشانیاں لوگوں کے لیے
لَعَلَّہُمْ یَتَّقُوْنَ: تاکہ وہ تقویٰ کی روش اختیار کر سکیں۔
اب اس رکوع کی آخری آیت میں بتایا جا رہا ہے کہ تقویٰ کا معیار اور اس کی کسوٹی کیا ہے۔ روزہ اس لیے فرض کیا گیا ہے اور یہ سارے احکام تمہیں اسی لیے دیے جا رہے ہیں تاکہ تم میں تقویٰ پیدا ہو جائے، اور تقویٰ کا لٹمس ٹیسٹ ہے اکل ِحلال ۔ اگر یہ نہیں ہے تو کوئی نیکی نیکی نہیں ہے۔