July 13, 2025

قرآن کریم > البقرة >surah 2 ayat 152

فَاذْكُرُونِي أَذْكُرْكُمْ وَاشْكُرُوا لِي وَلَا تَكْفُرُونِ

لہٰذا مجھے یاد کرو میں تمہیں یادرکھوں گا اور میرا شکر ادا کرو اور میری ناشکری نہ کرو

 آیت 152:   فَاذْکُرُوْنِیْ اَذْکُرْکُمْ:   پس تم مجھے یاد رکھو،  میں تمہیں یاد رکھوں گا  

            یہ اللہ تعالیٰ اور بندوں کے درمیان ایک بہت بڑا میثاق اور معاہدہ ہے۔ اس کی شرح ایک حدیث قدسی میں بایں الفاظ آئی ہے: ((اَنَا مَعَہ اِذَا ذَکَرَنِیْ،  فَاِنْ ذَکَرَنِیْ فِیْ نَفْسِہ ذَکَرْتُہ فِیْ نَفْسِیْ،  وَاِنْ ذَکَرَنِیْ فِیْ مَلَائٍ ذَکَرْتُہ فِیْ مَلَائٍ خَیْرٍ مِنْھُمْ))  «میرا بندہ جب مجھے یاد کرتا ہے تو میں اُس کے پاس ہوتا ہوں،  اگر وہ مجھے اپنے دل میں یاد کرتا ہے تو میں بھی اسے اپنے جی میں یاد کرتا ہوں،  اور اگر وہ مجھے کسی محفل میں یاد کرتا ہے تو میں اسے اس سے بہت بہتر محفل میں یاد کرتا ہوں »۔ اُس کی محفل تو بہت بلند و بالا ہے،  وہ ملأ اعلیٰ کی محفل ہے،  ملائکہ مقربین کی محفل ہے۔ امیر خسروؔ معلوم نہیں کس عالم میں یہ شعر کہہ گئے تھے:...

خدا خود میر محفل بود اندر لا مکاں خسرو

محمد شمع محفل بود شب جائے کہ من بودم!

             وَاشْکُرُوْا لِیْ وَلاَ تَـکْفُرُوْنِ:   اور میرا شکر کرو ،  میری نا شکری مت کرنا۔  

            میری نعمتوں کا ادراک کرو،  ان کا شعور حاصل کرو۔ زبان سے بھی میری نعمتوں کا شکر ادا کرو اور اپنے عمل سے بھی،  اپنے اعضاء و جوارح سے بھی ان نعمتوں کا حق ادا کرو۔

            یہاں اس سورئہ مبارکہ کا نصف اوّل مکمل ہو گیا ہے جو اٹھارہ رکوعوں پر مشتمل ہے۔

UP
X
<>