قرآن کریم > البقرة >surah 2 ayat 148
وَلِكُلٍّ وِجْهَةٌ هُوَ مُوَلِّيهَا فَاسْتَبِقُوا الْخَيْرَاتِ أَيْنَ مَا تَكُونُوا يَأْتِ بِكُمُ اللَّهُ جَمِيعًا إِنَّ اللَّهَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ
اور ہر گروہ کی ایک سمت ہے جس کی طرف وہ رخ کرتاہے ۔ لہٰذا تم نیک کاموں میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو۔ تم جہاں بھی ہو گے اﷲ تم سب کو (اپنے پاس) لے آئے گا ۔ یقینا اﷲ ہر چیز پر قادر ہے
آیت 148: وَلِکُلٍّ وِّجْہَۃٌ ہُوَ مُوَلِّیْہَا: ہر ایک کے لیے ایک سمت ہے جس کی طرف وہ رُخ کرتا ہے
فَاسْتَبِقُوا الْخَیْرٰتِ: تو (مسلمانو!) تم نیکیوں میں سبقت کرو۔
ہم نے تمہارے لیے ایک رُخ معین ّکر دیا ، یعنی بیت اللہ۔ اور ایک باطنی رُخ تمہیں یہ اختیار کرنا ہے کہ نیکیوں کی راہ میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو۔ جیسے نماز کا ایک ظاہر اور ایک باطن ہے۔ ظاہر یہ ہے کہ آپ نے با وضو ہو کر قبلے کی طرف رخ کر لیا اور ارکانِ نماز ادا کیے۔ جبکہ نماز کا باطن خشوع و خضوع ، حضورِ قلب اور رقت ّہے۔ انسان کو یہ احساس ہو کہ وہ پروردگارِ عالم کے رو برو حاضر ہو رہا ہے۔
اَیْنَ مَا تَـکُوْنُوْا یَاْتِ بِکُمُ اللّٰہُ جَمِیْعًا: جہاں کہیں بھی تم ہو گے اللہ تم سب کو جمع کر کے لے آئے گا۔
اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ: یقینا اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔