قرآن کریم > البقرة >surah 2 ayat 139
قُلْ أَتُحَاجُّونَنَا فِي اللَّهِ وَهُوَ رَبُّنَا وَرَبُّكُمْ وَلَنَا أَعْمَالُنَا وَلَكُمْ أَعْمَالُكُمْ وَنَحْنُ لَهُ مُخْلِصُونَ
کہہ دو کہ : ’’ کیا تم ہم سے اﷲ کے بارے میں حجت کرتے ہو؟ حالانکہ وہ ہمارا بھی پروردگار ہے اور تمہارا بھی پروردگار ۔ (یہ) اور (بات ہے کہ) ہمارے اعمال ہمارے لئے ہیں اور تمہارے عمل تمہارے لئے ۔ اور ہم نے تو اپنی بندگی اسی کیلئے خالص کر لی ہے ۔‘‘
آیت 139: قُلْ اَتُحَآجُّوْنَنَا فِی اللّٰہِ: (اے نبی! اِن سے) کہیے کیا تم ہم سے جھگڑ رہے ہو (دلیل بازی کر رہے ہو) اللہ کے بارے میں؟
وَہُوَ رَبُّنَا وَرَبُّکُمْ: حالانکہ وہی ہمارا ربّ بھی ہے اور تمہارا ربّ بھی۔
ربّ بھی ایک ہے اور اس کا دین بھی ایک ہے، ہاں شریعتوں میں فرق ضرور ہوا ہے ۔
وَلَنَآ اَعْمَالُنَا وَلَکُمْ اَعْمَالُکُمْ: اور ہمارے لیے ہوں گے ہمارے عمل اور تمہارے لیے ہوں گے تمہارے عمل۔
وَنَحْنُ لَہ مُخْلِصُوْنَ: اور ہم تو خالص اسی کے ہیں۔
ہم اُس کے لیے اپنے آپ کو اور اپنی بندگی کو خالص کر چکے ہیں۔
یہاں پے در پے آنے والے تین الفاظ کو نوٹ کیجیے۔ یہ مقام میرے اور آپ کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ آیت: 136 ان الفاظ پر ختم ہوئی تھی: وَنَحْنُ لَہ مُسْلِمُوْنَ « ہم اُسی کے سامنے سرِ تسلیم خم کرتے ہیں »۔ ان میں تو ہم بھی شامل ہیں۔ اس کے بعد آیت: 138 کے اختتام پر یہ الفاظ آئے: وَّنَحْنُ لَہ عٰبِدُوْنَ «اور ہم اس ہی کی بندگی کرتے ہیں »۔ صرف اسلام نہیں، عبادت یعنی پوری زندگی میں اُس کے ہر حکم کی پیروی اور اطاعت در کار ہے۔ اس سے آگے یہ بات آئی: وَنَحْنُ لَہ مُخْلِصُوْنَ. یہ عبادت اگر اخلاص کے ساتھ نہیں ہے تو منافقت ہے۔ اس عبادت سے کوئی دُنیوی منفعت پیش نظر نہ ہو۔ ع سوداگری نہیں، یہ عبادت خدا کی ہے!
دین کو دنیا بنانے اور دنیا کمانے کا ذریعہ بنانے سے بڑھ کر گری ہوئی حرکت اور کوئی نہیں ہے۔ رسول اللہ کا ارشاد گرامی ہے :
((مَنْ صَلّٰی یُرَاءِي فَقَدْ اَشْرَکَ وَمَنْ صَامَ یُرَاءِي فَقَدْ اَشْرَکَ وَمَنْ تَصَدَّقَ یُرَاءِي فَقَدْ اَشْرَکَ)) (مسند احمد)
« جس نے دکھاوے کے لیے نماز پڑھی اس نے شرک کیا ، جس نے دکھاوے کے لیے روزہ رکھا اس نے شرک کیا، اور جس نے دکھاوے کے لیے صدقہ و خیرات کیا اس نے شرک کیا»۔
ان تینوں الفاظ کو حرزِ جان بنا لیجیے: نَحْنُ لَـہ مُسْلِمُوْنَ، نَحْنُ لَـہ عٰبِدُوْنَ، نَحْنُ لَـہ مُخْلِصُوْنَ -- اَللّٰھُمَّ رَبَّـنَا اجْعَلْنَا مِنْھُمْ! اَللّٰھُمَّ رَبَّـنَا اجْعَلْنَا مِنْھُمْ!!