April 11, 2026

قرآن کریم > البقرة >surah 2 ayat 131

إِذْ قَالَ لَهُ رَبُّهُ أَسْلِمْ قَالَ أَسْلَمْتُ لِرَبِّ الْعَالَمِينَ

جب ان کے پروردگار نے ان سے کہا کہ : ’’سرِ تسلیم خم کردو!‘‘ تو وہ (فوراً) بولے : ’’ میں نے رب العالمین کے (ہر حکم کے) آگے سر جھکا دیا۔‘‘

آیت 131:    اِذْ قَالَ لَہ رَبُّہ اَسْلِمْ قَالَ اَسْلَمْتُ لِرَبِّ الْعٰلَمِیْنَ:   جب بھی کہا اُس سے اُس کے پروردگار نے کہ مطیع فرمان ہو جاؤ اُس نے کہا میں مطیع فرمان ہوں تمام جہانوں کے پروردگار کا۔  

            یہاں تک کہ اکلوتے بیٹے کو ذبح کرنے کا حکم آیا تو اس پر بھی سرِ تسلیم خم کر دیا۔ یہ حضرت ابراہیم  کے سلسلۂ امتحانات کا آخری امتحان تھا جو اللہ تعالیٰ نے ان کا سو برس کی عمر میں لیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعائیں مانگ مانگ کر ستاسی برس کی عمر میں بیٹا (اسماعیل ) لیا تھا اور اب وہ تیرہ برس کا ہو چکا تھا ،  باپ کا دست و بازو بن گیا تھا۔ اُس وقت اسے ذبح کرنے کا حکم ہوا تو آپ  فوراً تیار ہو گئے۔ یہاں فرمایا جا رہا ہے کہ جب بھی ہم نے ابراہیم  سے کہا کہ ہمارا حکم مانو تو اُسے حکم برداری کے لیے سراپا تیار پایا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اس طرزِ عمل کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

UP
X
<>