قرآن کریم > البقرة >surah 2 ayat 128
رَبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَيْنِ لَكَ وَمِنْ ذُرِّيَّتِنَا أُمَّةً مُسْلِمَةً لَكَ وَأَرِنَا مَنَاسِكَنَا وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ
اے ہمارے پروردگار ! ہم دونوں کو اپنا مکمل فرماں بردار بنالے اور ہماری نسل سے بھی ایسی امت پید ا کر جو تیری پوری تابع دار ہو۔ اور ہم کو ہماری عبادتوں کے طریقے سکھا دے، اور ہماری توبہ قبول فرمالے ۔ بیشک تو اور صرف تو ہی معاف کر دینے کا خوگر (اور) بڑی رحمت کا مالک ہے
آیت 128: رَبَّـنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَیْنِ لَکَ: اور اے ہمارے رب! ہمیں اپنا مطیع فرمان بنائے رکھ
نوٹ کیجیے ، یہ دعا ابراہیم کر رہے ہیں ۔ تو میں اور آپ اگر اپنے بارے میں مطمئن ہو جائیں کہ میری موت لازماً حق پر ہو گی، اسلام پر ہو گی تو یہ بہت بڑا دھوکہ ہے۔ چنانچہ ڈرتے رہنا چاہیے اور اللہ کی پناہ طلب کرتے رہنا چاہیے۔
وَمِنْ ذُرِّیَّتِنَـآ اُمَّۃً مُّسْلِمَۃً لَّکَ: اور ہم دونوں کی نسل سے ایک اُمت اٹھائیو جو تیری فرماں بردار ہو۔
وَاَرِنَا مَنَاسِکَنَا: اور ہمیں حج کرنے کے قاعدے بتلا دے
اے پروردگار! تیرا یہ گھر تو ہم نے بنا دیا، اب اس کی زیارت سے متعلق جو رسومات ہیں، جو مناسک ِحج ہیں وہ ہمیں سکھا دے۔
وَتُبْ عَلَیْنَا: اور ہم پر اپنی توجہ فرما ۔ ہم پر اپنی شفقت کی نظر فرما۔
اِنَّکَ اَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِیْمُ: یقینا تو ہی ہے بہت زیادہ توبہ کا قبول فرمانے والا (اور شفقت کے ساتھ رجوع کرنے والا) اور رحم فرمانے والا۔