قرآن کریم > النحل >surah 16 ayat 81
وَاللَّهُ جَعَلَ لَكُم مِّمَّا خَلَقَ ظِلاَلاً وَجَعَلَ لَكُم مِّنَ الْجِبَالِ أَكْنَانًا وَجَعَلَ لَكُمْ سَرَابِيلَ تَقِيكُمُ الْحَرَّ وَسَرَابِيلَ تَقِيكُم بَأْسَكُمْ كَذَلِكَ يُتِمُّ نِعْمَتَهُ عَلَيْكُمْ لَعَلَّكُمْ تُسْلِمُونَ
اور اﷲ ہی نے اپنی پیدا کی ہوئی چیزوں سے تمہارے لئے سائے پیدا کئے اور پہاڑوں میں تمہارے لئے پناہ گاہیں بنائیں ، اور تمہارے لئے ایسے لباس پیدا کئے جو تمہیں گرمی سے بچاتے ہیں ، اور ایسے لباس جو تمہاری جنگ میں تمہیں محفوظ رکھتے ہیں ۔ اس طرح وہ اپنی نعمتوں کو تم پر مکمل کرتا ہے تاکہ تم فرماں بردار بنو
آیت ۸۱: وَاللّٰہُ جَعَلَ لَکُمْ مِّمَّا خَلَقَ ظِلٰلا: «اور اللہ ہی نے بنایا تمہارے لیے اپنی پیدا کردہ چیزوں سے سایہ»
اللہ نے درختوں اور بہت سی دوسری چیزوں سے سائے کا نظام وضع فرمایا ہے جو انسانی زندگی کے لیے بہت مفید ہے۔
وَّجَعَلَ لَکُمْ مِّنَ الْجِبَالِ اَکْنَانًا: «اور اُسی نے بنائیں تمہارے لیے پہاڑوں کے اندر پناہ گاہیں»
پہاڑوں کے اندر قدرتی غاریں پائی جاتی ہیں جن میں لوگ طوفانی ہواؤوں وغیرہ کی شدت سے بچنے کے لیے پناہ لے سکتے ہیں۔ پرانے زمانے میں تو اس حوالے سے ان غاروں کی بہت اہمیت تھی۔
وَّجَعَلَ لَکُمْ سَرَابِیْلَ تَقِیْکُمُ الْحَرَّ وَسَرَابِیْلَ تَقِیْکُمْ بَاْسَکُمْ: «اور بنائے تمہارے لیے ایسے لباس جو تمہیں بچاتے ہیں گرمی سے اور ایسے لباس (زرہیں) جو تمہیں بچاتے ہیں تمہاری لڑائی میں»
کَذٰلِکَ یُتِمُّ نِعْمَتَہ عَلَیْکُمْ لَعَلَّکُمْ تُسْلِمُوْنَ: «اسی طرح وہ اتمام فرماتا ہے اپنی نعمت کا تم پر تا کہ تم اطاعت کی روش اختیار کرو۔»
جیسا کہ قبل ازیں بھی اشارہ کیا گیا ہے، اس سورت میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کے ذکر کی تکرار بہت زیادہ ہے۔ (مزید ملاحظہ ہوں آیات: ۱۸، ۳۵، ۷۱، ۷۲، ۸۳ اور ۱۱۴)۔