August 22, 2025

قرآن کریم > الأنعام >surah 6 ayat 128

وَيَوْمَ يِحْشُرُهُمْ جَمِيعًا يَا مَعْشَرَ الْجِنِّ قَدِ اسْتَكْثَرْتُم مِّنَ الإِنسِ وَقَالَ أَوْلِيَآؤُهُم مِّنَ الإِنسِ رَبَّنَا اسْتَمْتَعَ بَعْضُنَا بِبَعْضٍ وَبَلَغْنَا أَجَلَنَا الَّذِيَ أَجَّلْتَ لَنَا قَالَ النَّارُ مَثْوَاكُمْ خَالِدِينَ فِيهَا إِلاَّ مَا شَاء اللَّهُ إِنَّ رَبَّكَ حَكِيمٌ عَليمٌ 

اور (اُس دن کا دھیان رکھو) جس دن اﷲ ان سب کو گھیر کر اِکٹھا کرے گا، اور (شیاطین جنات سے کہے گا کہ :) ’’ اے جنات کے گروہ ! تم نے انسانوں کو بہت بڑھ چڑھ کر گمراہ کیا۔ ‘‘ اور انسانوں میں سے جو اُن کے دوست ہوں گے، وہ کہیں گے : ’’ اے ہمارے پروردگار ! ہم ایک دوسرے سے خوب مزے لیتے رہے ہیں، اور اَب اپنی اُس میعاد کو پہنچ گئے ہیں جو آپ نے ہمارے لئے مقرر کی تھی۔‘‘ اﷲ کہے گا : ’’ (اَب) آگ تم سب کا ٹھکانا ہے، جس میں تم ہمیشہ رہو گے، اِلّا یہ کہ اﷲ کچھ اور چاہے۔ یقین رکھو کہ تمہارے پروردگار کی حکمت بھی کامل ہے، علم بھی کامل

آیت 128:  وَیَوْمَ یَحْشُرُہُمْ جَمِیْعًا یٰمَعْشَرَ الْجِنِّ قَدِ اسْتَکْثَرْتُمْ مِّنَ الْاِنْسِ:  ’’اور جس دن وہ جمع کرے گا اُن سب کو (اور فرمائے گا) اے جنوں کی جماعت! واقعتا تم نے تو انسانوں میں سے بہتوں کو ہتھیا لیا۔،،

            وہ جوتمہارے بڑے جن عزازیل نے کہا تھا: وَلاَ تَجِدُ اَکْثَرَہُمْ شٰکِرِیْنَ.  (الاعراف) ’’اور تو ان کی اکثریت کو شکر کرنے والا نہیں پائے گا،،۔ تو واقعی بہت سے انسانوں کو تم نے ہتھیا لیا ہے۔ یہ گویا ایک طرح کی شاباش ہو گی جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اُن کو دی جائے گی۔

            وَقَالَ اَوْلِیٰٓئُہُمْ مِّنَ الْاِنْسِ:  ’’اور انسانوں میں سے جو ان کے ساتھی ہوں گے وہ کہیں گے،،

            اس پر جنوں کے ساتھی انسانوں کی غیرت ذرا جاگے گی کہ اللہ تعالیٰ نے یہ کیا کہہ دیا ہے کہ جنات نے ہمیں ہتھیا لیا ہے، شکار کر لیا ہے۔ اس پر وہ بول اٹھیں گے:

            رَبَّنَا اسْتَمْتَعَ بَعْضُنَا بِبَعْضٍ:  ’’اے ہمارے پروردگار! ہم آپس میں ایک دوسرے سے فائدہ اٹھاتے رہے،،

            ہم ان سے اپنے کام نکلواتے رہے اور یہ ہم سے مفادات حاصل کرتے رہے۔ ہم نے جنات کو اپنا مؤکل بنایا، ان کے ذریعے سے غیب کی خبریں حاصل کیں اور کہانت کی دکانیں چمکائیں۔

            وَّبَلَغْنَآ اَجَلَنَا الَّذِیْٓ اَجَّلْتَ لَنَا:  ’’اور اب ہم اپنی اس مدت کو پہنچ چکے جو تو نے ہمارے لیے مقرر کر دی تھی۔،،

            قَالَ النَّارُ مَثْوٰٹکُمْ خٰلِدِیْنَ فِیْہَآ اِلاَّ مَا شَآءَ اللّٰہُ:  ’’اللہ فرمائے گا اب آگ ہے تمہارا ٹھکانہ،  تم اس میں ہمیشہ ہمیش رہو گے، سوائے اس کے جو اللہ چاہے۔،،

            اِنَّ رَبَّکَ حَکِیْمٌ عَلِیْمٌ:  ’’یقینا آپ کا رب حکیم اور علیم ہے۔،، 

UP
X
<>