قرآن کریم > فاطر >sorah 35 ayat 36
وَالَّذِينَ كَفَرُوا لَهُمْ نَارُ جَهَنَّمَ لا يُقْضَى عَلَيْهِمْ فَيَمُوتُوا وَلا يُخَفَّفُ عَنْهُم مِّنْ عَذَابِهَا كَذَلِكَ نَجْزِي كُلَّ كَفُورٍ
اور جن لوگوں نے کفر کی رَوِش اپنا لی ہے، اُن کیلئے دوزخ کی آگ ہے۔ نہ تو اُن کا کام تمام کیا جائے گا کہ وہ مرہی جائیں ، اور نہ اُن سے دوزخ کا عذاب ہلکا کیا جائے گا۔ ہر ناشکرے کافر کو ہم ایسی ہی سزا دیتے ہیں
آیت ۳۶ وَالَّذِیْنَ کَفَرُوْا لَہُمْ نَارُ جَہَنَّمَ: ’’(اس کے برعکس) جن لوگوں نے کفر کیا ہے ان کے لیے جہنم کی آگ ہو گی۔‘‘
لَا یُقْضٰی عَلَیْہِمْ فَیَمُوْتُوْا وَلَا یُخَفَّفُ عَنْہُمْ مِّنْ عَذَابِہَا: ’’نہ تو ان کا قصہ چکایا جائے گا کہ وہ مر جائیں اور نہ ہی ان کے لیے اس کے عذاب میں تخفیف کی جائے گی۔‘‘
اُس وقت اہل جہنم کی سب سے بڑی خواہش تو یہی ہو گی کہ انہیں موت آ جائے اور وہ اس کے لیے دعا بھی کریں گے۔ سورۃ الفرقان میں ان کی اس خواہش اور دعا کا جواب ان الفاظ میں دیا گیا ہے: (لَا تَدْعُوا الْیَوْمَ ثُبُوْرًا وَّاحِدًا وَّادْعُوْا ثُـبُوْرًا کَثِیْرًا) ’’(تب ان سے کہا جائے گا کہ) آج ایک موت نہ مانگو بلکہ بہت سی موتیں مانگو!‘‘
کَذٰلِکَ نَجْزِیْ کُلَّ کَفُوْرٍ: ’’اسی طرح ہم بدلہ دیتے ہیں ہر نا شکرے انسان کو۔‘‘