May 21, 2025

قرآن کریم > الأحزاب >sorah 33 ayat 55

لاَّ جُنَاحَ عَلَيْهِنَّ فِي آبَائِهِنَّ وَلا أَبْنَائِهِنَّ وَلا إِخْوَانِهِنَّ وَلا أَبْنَاء إِخْوَانِهِنَّ وَلا أَبْنَاء أَخَوَاتِهِنَّ وَلا نِسَائِهِنَّ وَلا مَا مَلَكَتْ أَيْمَانُهُنَّ وَاتَّقِينَ اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ كَانَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ شَهِيدًا

نبی کی بیویوں کیلئے اپنے اپنے باپ (کے سامنے بے پردہ آنے) میں کوئی گناہ نہیں ہے، نہ اپنے بیٹوں کے، نہ اپنے بھائیوں کے، نہ اپنے بھتیجوں کے، نہ اپنے بھانجوں کے، اور نہ اپنی عورتوں کے، اور نہ اپنی کنیزوں کے (سامنے آنے میں کوئی گناہ ہے۔) اور (اے خواتین !) تم اﷲ سے ڈرتی رہو۔یقین جانو کہ اﷲ ہر بات کا مشاہدہ کرنے والا ہے

آیت ۵۵    لاَ جُنَاحَ عَلَیْہِنَّ فِیْٓ اٰبَآئِہِنَّ: ’’کوئی حرج نہیں اُن (ازواجِ نبیؐ) پر اُن کے باپوں کے معاملے میں‘‘

        جیسے حضرت ابو بکر صدیق اگر چاہیں تواپنی بیٹی حضرت عائشہ صدیقہ کے گھر میں آئیں یا حضرت عمرفاروق اپنی بیٹی حضرت حفصہ کے گھر میں آئیں، اس میں کوئی رکاوٹ نہیں۔

        وَلَآ اَبْنَآئِہِنَّ وَلَآ اِخْوٰنِہِنَّ: ’’اور نہ (کوئی حرج ہے) اُن کے بیٹوں کے بارے میں، اور نہ ان کے بھائیوں کے بارے میں‘‘

        وَلَآ اَبْنَآءِ اِخْوٰنِہِنَّ وَلَآ اَبْنَآءِ اَخَوٰتِہِنَّ: ’’اور نہ ان کے بھائیوں کے بیٹوں کے بارے میں اور نہ ان کی بہنوں کے بیٹوں کے بارے میں‘‘

        وَلَا نِسَآئِہِنَّ وَلَا مَا مَلَکَتْ اَیْمَانُہُنَّ: ’’اور نہ ان کی جان پہچان کی عورتوں کے بارے میں اور نہ ہی ان کی ِملک یمین کے بارے میں۔‘‘

        لغوی مفہوم کے اعتبار سے ’’ملک یمین‘‘ میں غلام اور باندیاں سب شامل ہیں ، لیکن اکثر و بیشتر اہل سنت علماء کے نزدیک یہاں اس سے صرف باندیاں مراد ہیں۔

        اس آیت میں واضح طور پر عورتوں کے لیے محرم مردوں کی ایک فہرست فراہم کر دی گئی ہے، جیسے کہ سورۃ النساء کی آیت: ۲۳ میں مردوں کے لیے محرم عورتوں کی فہرست دی گئی ہے۔ اس کو یوں سمجھئے کہ اس مضمون کا مرکزی نقطہ (nucleus) زیر نظر آیت میں ہے، جبکہ سورۃ النساء کی مذکورہ آیت میں اس کی مزید تفصیل فراہم کر کے ’’محرماتِ ابدیہ‘‘ کی فہرست کو مکمل کر دیا گیا ہے جن سے کبھی بھی کسی صورت میں بھی نکاح جائز نہیں ہے۔

        بہر حال آیت میں مذکور رشتوں کے علاوہ متعلقہ عورتوں کے لیے باقی تمام مرد غیر محرم ہیں اور انہیں گھر کے اندر زنان خانے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ اگر کسی غیر محرم مرد کو گھر کی کسی خاتون سے کوئی بات کرنی ہو تووہ پردے کے پیچھے رہ کر بات کرے اور اگر کسی وجہ سے کسی غیر محرم مرد کا گھر کے اندر داخلہ ناگزیر ہو تو بھی اہتمام کیا جائے کہ کسی خاتون سے اس کا سامنا نہ ہو۔ اسلامی طرز معاشرت کا یہی طریقہ ہے۔ اس حوالے سے قبل ازیں آیت ۵۳ کی تشریح کے ضمن میں حضرت عائشہ کی مثال بیان ہو چکی ہے کہ اگر حضور  کسی شخص کو حجرہ مبارک کے اندر آنے کی اجازت مرحمت فرماتے تو علیحدہ جگہ نہ ہونے کے باعث حضرت عائشہ ایک کونے میں دیوار کی طرف رخ کیے بیٹھی رہتی تھیں تا وقتیکہ وہ صاحب چلے جاتے۔

        وَاتَّقِیْنَ اللّٰہَ اِنَّ اللّٰہَ کَانَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ شَہِیْدًا: ’’اور (اے نبیؐ کی بیویو!) تم اللہ سے ڈرتی رہو۔ یقینا اللہ ہر چیز پر گواہ ہے۔‘‘

UP
X
<>