April 30, 2025

قرآن کریم > الروم >sorah 30 ayat 60

فَاصْبِرْ إِنَّ وَعْدَ اللَّهِ حَقٌّ وَلا يَسْتَخِفَّنَّكَ الَّذِينَ لا يُوقِنُونَ

لہٰذا (اے پیغمبر !) تم صبر سے کام لو، یقین جانو اﷲ کاوعدہ سچا ہے، اور ایسا ہر گز نہ ہونا چاہئے کہ جو لوگ یقین نہیں کرتے، اُن کی وجہ سے تم ڈھیلے پڑ جاؤ

آیت ۶۰   فَاصْبِرْ اِنَّ وَعْدَ اللّٰہِ حَقٌّ: ’’تو (اے نبی!) آپ صبر کیجیے، بے شک اللہ کا وعدہ سچا ہے‘‘

      جیسا کہ قبل ازیں بار بار توجہ دلائی گئی ہے کہ قرآن میں بہت سے مقامات پر صیغہ واحد میں حضور سے خطاب کیا گیا ہے مگر دراصل آپؐ کی وساطت سے تمام اہل ایمان کو مخاطب کیا گیا ہے۔ چنانچہ یہاں بھی اہل ِ ایمان کی دلجوئی کے لیے فرمایا جا رہا ہے کہ آپ لوگ اللہ کے وعدے پر یقین رکھو اور ہر حال میں صبر و استقامت کا دامن تھامے رہو۔ اللہ کی مدد ضرور آئے گی اور بالآخر اللہ کا دین غالب ہو کر رہے گا۔جہاں تک تمہارے موجودہ حالات اور مصائب و مشکلات کا تعلق ہے تو یہ تمہارے امتحان کا حصہ ہیں : (اَحَسِبَ النَّاسُ اَنْ یُّتْرَکُوْٓا اَنْ یَّقُوْلُوْٓا اٰمَنَّا وَہُمْ لَا یُفْتَنُوْنَ) ( العنکبوت) ’’کیا لوگوں نے یہ سمجھا تھا کہ وہ چھوڑ دیے جائیں گے صرف یہ کہنے سے کہ ہم ایمان لے آئے اور انہیں آزمایا نہ جائے گا؟‘‘ اس سلسلے میں ہمارا قانون بہت واضح ہے: (وَلَنَبْلُوَنَّکُمْ بِشَیْئٍ مِّنَ الْخَوْفِ وَالْجُوْعِ وَنَقْصٍ مِّنَ الْاَمْوَالِ وَالْاَنْفُسِ وَالثَّمَرٰتِ) ( البقرۃ: ۱۵۵) ’’ اور ہم ضرور آزمائیں گے تم لوگوں کو کسی قدر خوف، بھوک اور مال و جان اور پھلوں کے نقصانات سے‘‘۔ چنانچہ اے مسلمانو! ہمت سے کام لو ع ’’ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں !‘‘ اگر تم لوگ ان امتحانات میں سرخروہو گئے تو اللہ کے وعدے کے مطابق کامیابی تمہارے قدم چومے گی۔

        وَّلَا یَسْتَخِفَّنَّکَ الَّذِیْنَ لَا یُوْقِنُوْنَ: ’’اور آپؐ کو ہرگز ہلکا نہ پائیں وہ لوگ جو یقین نہیں رکھتے۔‘‘

      اگرچہ یہ خطاب بھی صیغہ واحد میں حضور سے ہے مگر یہاں بھی اہل ایمان کی تثبیت ِقلبی مقصود ہے کہ اے مسلمانو! ایسا نہ ہوکہ مخالفین کے دباؤ کی وجہ سے تمہارے پاؤں میں لغزش آ جائے ا ور انہیں تمہارے بارے میں یہ کہنے کا موقع مل جائے کہ یہ لوگ تو کمزور اور بودے ثابت ہوئے ہیں ۔ چنانچہ تم اپنے موقف پر کوہِ ہمالیہ کی طرح ڈٹے رہو۔ اللہ کے دین کی سربلندی کے لیے اس کے راستے میں اپنا تن من اور دھن کھپانے کی حکمت عملی بدستور اپنائے رکھو۔ اللہ کی مدد اس راستے میں ضرور تمہارے شامل حال رہے گی اور اللہ تمام مشکلات کو دور کر کے تمہیں لازماًکامیاب کرے گا، دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی!

بارک اللّٰہ لی ولکم فی القرآن العظیم، ونفعنی وایاکم بالآیات والذِّکر الحکیم

UP
X
<>