قرآن کریم > الروم >sorah 30 ayat 40
اللَّهُ الَّذِي خَلَقَكُمْ ثُمَّ رَزَقَكُمْ ثُمَّ يُمِيتُكُمْ ثُمَّ يُحْيِيكُمْ هَلْ مِن شُرَكَائِكُم مَّن يَفْعَلُ مِن ذَلِكُم مِّن شَيْءٍ سُبْحَانَهُ وَتَعَالَى عَمَّا يُشْرِكُونَ
اﷲ وہ ہے جس نے تمہیں پیدا کیا، پھر اُس نے تمہیں رزق دیا، پھر وہ تمہیں موت دیتا ہے، پھر تمہیں زندہ کرے گا۔ جن کو تم نے اﷲ کا شریک ماناہوا ہے، کیا اُن میں سے کوئی ہے جو ان میں سے کوئی کام کرتا ہو؟ پاک ہے وہ اور بہت بالا وبرتر اُس شرک سے جس کا ارتکاب یہ لوگ کرتے ہیں
آیت ۴۰ اَللّٰہُ الَّذِیْ خَلَقَکُمْ ثُمَّ رَزَقَـکُمْ ثُمَّ یُمِیْتُکُمْ ثُمَّ یُحْیِیْکُمْ: ’’اللہ ہی ہے جس نے تمہیں پیدا کیا، پھر تمہیں رزق دیا، پھر وہ تمہیں موت دے گا، پھر تمہیں زندہ کرے گا۔‘‘
ہَلْ مِنْ شُرَکَآئِکُمْ مَّنْ یَّفْعَلُ مِنْ ذٰلِکُمْ مِّنْ شَیْئٍ: ’’کیا تمہارے شریکوں میں سے بھی کوئی ایسا ہے جو ان میں سے کوئی بھی کام کرتا ہو؟‘‘
اے گروہ مشرکین! کیا تمہارے لات، منات اور عزیٰ میں سے کوئی ہے جو ان میں سے کوئی ایک کام بھی سر انجام دینے کی قدرت رکھتا ہو؟ دراصل مشرکین مکہ خود ہی یہ تسلیم کرتے تھے کہ ان کا خالق اللہ ہے اور زندگی و موت کا اختیار بھی اسی کے ہاتھ میں ہے۔ لات و منات وغیرہ کے بارے میں ان کا عقیدہ یہ تھا : (ہٰٓؤُلَآءِ شُفَعَآؤُنَا عِنْدَ اللّٰہِ) ( یونس: ۱۸) کہ وہ اللہ کے ہاں ان کی سفارش کریں گے اور ان کی سفارش سے آخرت میں وہ چھوٹ جائیں گے۔
سُبْحٰنَہٗ وَتَعٰلٰی عَمَّا یُشْرِکُوْنَ: ’’وہ پاک ہے اور بہت بلند و برترہے اس شرک سے جو یہ لوگ کر رہے ہیں ۔‘‘