قرآن کریم > البقرة >surah 2 ayat 217
يَسْأَلُونَكَ عَنِ الشَّهْرِ الْحَرَامِ قِتَالٍ فِيهِ قُلْ قِتَالٌ فِيهِ كَبِيرٌ وَصَدٌّ عَنْ سَبِيلِ اللَّهِ وَكُفْرٌ بِهِ وَالْمَسْجِدِ الْحَرَامِ وَإِخْرَاجُ أَهْلِهِ مِنْهُ أَكْبَرُ عِنْدَ اللَّهِ وَالْفِتْنَةُ أَكْبَرُ مِنَ الْقَتْلِ وَلَا يَزَالُونَ يُقَاتِلُونَكُمْ حَتَّى يَرُدُّوكُمْ عَنْ دِينِكُمْ إِنِ اسْتَطَاعُوا وَمَنْ يَرْتَدِدْ مِنْكُمْ عَنْ دِينِهِ فَيَمُتْ وَهُوَ كَافِرٌ فَأُولَئِكَ حَبِطَتْ أَعْمَالُهُمْ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ وَأُولَئِكَ أَصْحَابُ النَّارِ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ
لوگ آپ سے حرمت والے مہینے کے بارے میں پوچھتے ہیں کہ اس میں جنگ کرنا کیسا ہے ؟ آپ کہہ دیجئے کہ اس میں جنگ کرنا بڑا گناہ ہے مگر لوگوں کو اﷲ کے راستے سے روکنا، اس کے خلاف کفر کی روش اختیار کرنا، مسجد حرام پر بندش لگانا اور اس کے باسیوں کو وہاں سے نکال باہر کرنا اﷲ کے نزدیک زیا دہ بڑا گناہ ہے ۔ اور فتنہ قتل سے بھی زیادہ سنگین چیز ہے ۔ اور یہ (کافر) تم لوگوں سے برابر جنگ کرتے رہیں گے، یہاں تک کہ اگر ان کا بس چلے تو یہ تم کو تمہارا دین چھوڑنے پر آمادہ کردیں ۔ اور اگر تم میں سے کوئی شخص اپنا دین چھوڑ دے اور کافر ہونے کی حالت ہی میں مرے تو ایسے لوگوں کے اعمال دنیا اور آخرت دونوں میں اکارت ہو جائیں گے ۔ ایسے لوگ دوزخ والے ہیں وہ ہمیشہ اسی میں رہیں گے
آیت 217: یَسْئَلُوْنَکَ عَنِ الشَّہْرِ الْحَرَامِ قِتَالٍ فِیْہِ : «(اے نبی !) یہ آپ سے پوچھتے ہیں حرمت والے مہینے میں جنگ کے بارے میں۔ »
قتال کا حکم آنے کے بعد اب وہ پوچھتے تھے کہ یہ جو حرمت والے مہینے ہیں ان میں جنگ کرنا کیسا ہے؟ اس لیے کہ سیرت میں یہ واقعہ آتا ہے کہ ہجرت کے بعد رسول اللہ نے حضرت عبداللہ بن جحش کو چند افراد کے دستے کا کمانڈر بنا کر ہدایت فرمائی تھی کہ مکہ اور طائف کے درمیان جا کر وادیٔ نخلہ میں قیام کریں اور قریش کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں۔ وادیٔ نخلہ میں قیام کے دوران وہاں قریش کے ایک مختصر سے قافلے کے ساتھ مڈ بھیڑ ہو گئی اور مسلمانوں کے ہاتھوں ایک مشرک عمرو بن عبد اللہ الحضرمی مارا گیا۔ اُس روز رجب کی آخری تاریخ تھی اور رجب کا مہینہ اشہر حرم میں سے ہے۔ یہ ہجرت کے بعد پہلا خون تھا جو مسلمانوں کے ہاتھوں ہوا۔ اس پر مشرکین نے بہت واویلا کیا کہ ان لوگوں کا کیا حال ہے‘ بنے پھرتے ہیں اللہ والے‘ رسول والے‘ دین والے ‘ آخرت والے اور انہوں نے حرمت والے مہینے کو بٹہ لگا دیا ‘ اس میں جنگ کی۔ تو یہ دراصل اللہ تعالیٰ اپنے ان مؤمن بندوں کی طرف سے گویا خود صفائی پیش کر رہے ہیں ۔ فرمایا کہ یہ آپ سے پوچھتے ہیں کہ حرمت والے مہینوں میں قتال کا کیا حکم ہے؟
قُلْ قِتَالٌ فِیْہِ کَبِیْـرٌ : «کہہ دیجیے کہ اس میں جنگ کرنا بہت بڑی (گناہ کی) بات ہے۔ »
وَصَدٌّ عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ وَکُفْرٌ بِہ وَالْمَسْجِدِ الْحَرَامِ وَاِخْرَاجُ اَہْلِہ مِنْہُ اَکْبَرُ عِنْدَ اللّٰہِ: «لیکن اللہ کے راستے سے روکنا‘ اس کا کفر کرنا‘ مسجد ِحرام سے روکنا اور حرم کے رہنے والوں کو وہاں سے نکالنا اللہ کے نزدیک اس سے کہیں بڑا گناہ ہے۔ »
یہ وہ سنگین جرائم ہیں جن کا ارتکاب مشرکین ِمکہ کی جانب سے ہو رہا تھا ۔ یہاں فرمایا گیا کہ یہ سب کام اشہر حرم میں جنگ کرنے سے بھی بڑے جرائم ہیں۔ لہٰذا ان کے سدباب ّکے لیے اگر اَشہر ِحرم میں جنگ کرنی پڑ جائے تو کوئی حرج نہیں۔ ُ
وَالْفِتْنَۃُ اَکْبَرُ مِنَ الْقَتْلِ : «اور فتنہ قتل سے بھی بڑا گناہ ہے۔ »
قبل ازیں آیت: ۱۹۱ میں الفاظ آ چکے ہیں : وَالْفِتْنَۃُ اَشَدُّ مِنَ الْقَتْلِ : فتنہ ہر وہ کیفیت ہے جس میں صاحب ِایمان کے لیے ایمان پر قائم رہنا اور اسلام پر عمل کرنا مشکل ہو جائے۔ آج کا پورا معاشرہ فتنہ ہے۔ اسلام پر عمل کرنا مشکل ہے‘ بدمعاشی اور حرام خوری کے راستے کھلے ہوئے ہیں‘ اکل ِحلال اس قدر مشکل بنا دیا گیا ہے کہ دانتوں پسینہ آئے تو شاید نصیب ہو۔ نکاح اور شادی کے جائز راستوں پر بڑی بڑی شرطیں اور قدغنیں عائد ہیں‘ جبکہ ناجائز مراسم اور زنا کے راستے کھلے ہیں۔ جس معاشرے کے اندر باطل کا غلبہ ہو جائے اور حق پر چلنا ممکن نہ رہے وہ بڑے فتنے میں مبتلا ہے۔ باطل کا غلبہ سب سے بڑا فتنہ ہے ۔ لہٰذا فرمایا کہ فتنہ قتل کے مقابلے میں بہت بڑی شے ہے۔
وَلاَ یَزَالُوْنَ یُقَاتِلُوْنَـکُمْ حَتّٰی یَرُدُّوْکُمْ عَنْ دِیْنِکُمْ اِنِ اسْتَطَاعُوْا : «اور یہ لوگ تم سے جنگ کرتے رہیں گے یہاں تک کہ لوٹا دیں تمہیں اپنے دین سے اگر وہ ایسا کر سکتے ہوں۔ »
وہ تو اس پر ُتلے ہوئے ہیں کہ تمہیں تمہارے دین سے پھیر دیں۔ یہاں مشرکین مکہ کی طرف اشارہ ہو رہا ہے‘کیونکہ اب یہ غزوئہ بدر کی تمہید چل رہی ہے۔ اس کے بعد غزوئہ بدر ہونے والا ہے‘ اس کے لیے اہل ایمان کو ذہنی طو رپر تیار کیا جا رہا ہے اور انہیں آگاہ کیا جا رہا ہے کہ مشرکین کی جنگ کا مقصد تمہیں تمہارے دین سے برگشتہ کرنا ہے‘ وہ تو اپنی بھرپور کوشش کرتے رہیں گے کہ اگر ان کا بس چلے تو تمہیں تمہارے دین سے لوٹا کر واپس لے جائیں۔
وَمَنْ یَّرْتَدِدْ مِنْکُمْ عَنْ دِیْنِہ : «اور (سن لو) جو کوئی بھی تم میں سے اپنے دین سے پھر گیا»
فَـیَمُتْ وَہُوَ کَافِرٌ : «اور اُسی حالت میں اس کی موت آ گئی کہ وہ کافر ہی تھا»
فَاُولٰٓئِکَ حَبِطَتْ اَعْمَالُہُمْ فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ : «تو یہ وہ لوگ ہوں گے جن کے تمام اعمال دنیا اورآخرت میں اکارت جائیں گے۔ »
پہلے خواہ کتنی ہی نیکیاں کی ہوئی تھیں‘ کتنی ہی نمازیں پڑھی ہوئی تھیں‘ کتنا ہی انفاق کیا ہوا تھا‘ صدقات دیے تھے‘ جو کچھ بھی کیا تھا سب کا سب صفر ہو جائے گا۔
وَاُولٰٓئِکَ اَصْحٰبُ النَّارِ ہُمْ فِیْہَا خٰلِدُوْنَ : «اور وہ ہوں گے جہنم والے‘ وہ اسی میں ہمیشہ رہیں گے۔ »